بھٹکل 8/مئی (ایس او نیوز) سنیچر کو مخدوم کالونی میں رہنے والے آٹورکشہ ڈرائیور ابراہیم اشرف کی کچھ لوگوں نے بہت بری طرح پیٹائی کی تھی، جس کے نتیجے میں اشرف ابھی تک اُڈپی اسپتال میں شدید زخمی حالت میں ایڈمٹ ہے، اس تعلق سے اشرف کی اہلیہ فاطمہ نے بھٹکل ٹائون پولس تھانہ میں بدریہ کالونی کے یاسر اور اُس کے دیگر چار ساتھیوں کے خلاف شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد پولس نے حملہ آوروں کے خلاف دفعہ 143, 147, 323, 326, 354, 341, 504, 506 149آئی پی سی کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ مگر 48 گھنٹوں سے زائد کا وقت گذرنے کے بائوجود حملہ آوروں کو گرفتار نہ کرنے پر آج مخدوم کالونی کے نوجوانوں میں سخت ناراضگی پائی گئی۔
نوجوانوں کا مطالبہ ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے ساتھ ساتھ اُن کایہ بھی کہنا ہے کہ چونکہ اشرف کی بہت بری طرح پیٹائی کی گئی ہے اور اُس کے ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہےاور گردن کی ہڈی پر بھی شدید چوٹ لگی ہے، اس بناء پر حملہ آوروں کے خلاف دفعہ 307 کا اطلاق ہوتا ہے، مگر پولس نے صرف خانہ پُری کے لئے معمولی دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔ ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف تمام اوپر لگائی گئی دفعات کے ساتھ ساتھ دفعہ 307 بھی عائد کیا جائے۔

پیر کی شام کو کچھ نوجوانوں کو جیسے ہی خبر ملی کہ حملہ آوروں میں سے ایک ملزم جالی روڈ پر واقع ایک مکان میں موجود ہے، تو کافی نوجوان متعلقہ مکان کے باہر جمع ہوگئے اور پولس کو خبر کی، مگر نوجوانوں نے الزام لگایا ہے کہ خبر دینے کے بائوجود پولس جان بوجھ کر دو گھنٹوں کی تاخیر سے موقع پر پہنچی، تب تک ملزم اپنے مکان سے پاس پڑوس کے مکان میں چھپ چکا تھا۔
رات قریب گیارہ بجے جیسے ہی پی ایس آئی کوڈگُنٹی موقع واردات پر پہنچے، عوام نے اُنہیں گھیرلیا اورانہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کئی طرح کے الزامات عائد کئے، عوام کا سوال تھا کہ آخر انہوں نے جان بوجھ کر یہاں پہنچنے میں تاخیر کیوں کی ؟ عوام کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کے تعلق سے سرکل پولس انسپکٹر کو بھی خبر دی تھی، مگر انہوں نے بھی حملہ آور کو گرفتار کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ۔ عوام نے پی ایس آئی کو بتایا کہ ہم لوگ چاہتے تو گھر کے اندر گھس کر ملزم کو پکڑ سکتے تھے، مگر چونکہ آپ لوگوں نے ہمیں وعدہ کیا تھا کہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور فوری پولس کو خبر کرنے کی درخواست کی تھی، اس بناء پر ہم نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا اور آپ لوگوں کو خبر کی تھی، مگر آپ نے پولس پر سے ہمارے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ بعد میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام نے شک کا اظہار کیا کہ پولس اُن لوگوں سے ملی ہوئی ہے اور حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کرنا چاہتی۔
پولس کی سردمہری کو دیکھتے ہوئے کل منگل کو مخدوم کالونی کے عوام تنظیم کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے منظم طور پر احتجاج کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔
